دبئی 27جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے نوجوان بلے باز بابر اعظم پہلی بار آئی سی سی کے ون ڈے بیٹسمینوں کی درجہ بندی میں دسویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ کوئی بھی پاکستانی ابتدائی دس بولروں میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔جمعے کو آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی ون ڈے رینکنگ کے مطابق بابر اعظم 733پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔اس درجہ بندی میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 880پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز 861پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جب کہ انڈیا کی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی 852پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ون ڈے کرکٹ میں ٹیموں کی درجہ بندی میں آسٹریلیا 120پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقہ 116پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور انڈیا کی ٹیم 112پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔